طورخم بارڈر پر دونوں جانب امن کے جھنڈے لہرادیئے گئے

پشاور: لنڈی کوتل میں پاک افغان سرحد پر دونوں فورسز میں سیز فائر ہوگیا جس کے بعد دونوں طرف امن کے جھنڈے لہرادیئے گئے اور گیٹ کی تعمیر کا کام دوبارہ شروع کردیا گیا۔

لنڈی کوتل میں پاک افغان سرحد پر رات گئے افغان فورسز نے ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایف سی کے 2 جوان زخمی ہو گئے۔ پاکستانی فورسز کی جانب سے افغان فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا گیا جب کہ دونوں زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان حکام نے پاکستان کو طورخم پر گیٹ کی تعمیر میں مداخلت نہ کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے جس کے بعد بارڈر پر گیٹ کی تعمیر کا کام دوبارہ شروع کردیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پاک افغان فورسز میں سیز فائر ہونے کے بعد دونوں جانب امن کے جھنڈے لہرا دیئے گئے ہیں۔