میکسیکو میں ذاتی رنجش پر ایک ہی خاندان کے 11 افراد قتل

میکسیکو سٹی: میکسیکو کی ریاست پوئبلا میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 5 خواتین اور 2 بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 11 افراد کو قتل کردیا جب کہ 2 بچیاں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق میکسیکو کی ریاست پوئبلا میں دوسری ریاست اوکساکا سے ملحق ایک گاؤں میں مسلح افراد نے دھاوا بول دیا اور مختلف افراد کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر نشانہ بنایا، ہلاک ہونے والوں میں 5 خواتین، 4 مرد اور 2 بچیاں شامل ہیں جب کہ 2 بچیوں کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے، ہلاک اور زخمی ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

ریاستی محکمہ قانون کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ ہے کیونکہ مقامی لوگوں نے فائرنگ میں ملوث ملزمان میں سے دو کی شناخت کی ہے جن میں سے ایک شخص وہ ہے جس نے 9 برس قبل قتل کی گئی خواتین میں سے ایک کو زیادتی نشانہ بنایا تھا۔ واقعے کے بعد فائرنگ میں ملوث افراد قریبی ریاست فرار ہوگئے ہیں۔