ہرات میں بھارت افغانستان دوستی ڈیم کا افتتاح

ہرات:افغان صدر اشرف غنی اور ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے مغربی افغانستان میں کئی لاکھ ڈالر سے تعمیر ہونے والے ڈیم کا افتتاح کردیا جو کہ جنگ کے شکار ملک افغانستان میں توانائی اور آبپاشی کے مسائل پر قابو پانے میں مدد گار ثابت ہوگا۔افغانستان کے مغربی صوبے ہرات میں افغان ہند دوستی ڈیم کی تعمیر ایک دہائی سے زائد عرصے سے جاری تھی، جس کی تعمیر کے لیے ہندوستان کی جانب سے 30 لاکھ ڈالر کی امداد سے فراہم کی گئی، ہندوستان کی جانب سے افغانستان کو دی گئی یہ امداد جنوبی ایشیا میں نئی دہلی کی جانب سے پڑوسی ممالک میں سرمایہ کاری کی ایک نئی علامت کے طور پر سامنے آئی ہے۔ایران کی سرحد کے قریب اس منصوبے کے حوالے ہندوستان کی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ ڈیم 1976 میں مغربی ہرات میں تعمیر کیا گیا تھا جسے 1990 کے دوران خانہ جنگی میں نقصان پہنچا جس کے بعد اب اسے 1500 ہندوستانی اور افغان انجینئر نے دوبارہ تعمیر کیا ہے۔