کراچی میں پی آئی اے کی ریذیڈنٹ انجینیرنگ عمارت میں لگی آگ بے قابو

کراچی: پی آئی اے ٹاؤن شپ کی ریذیڈنٹ انجینیرنگ عمارت میں لگی آگ بے قابو ہوگئی ہے جس کے بعد شہر بھر میں موجود فائر بریگیڈ کی گاڑیاں طلب کرلی گئی ہیں۔

کراچی ایئرپورٹ کے قریب پی آئی اے ٹاؤن شپ کی ریذیڈنٹ انجینیرنگ عمارت کے ایک کمرے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دوسرے کمرے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، ابتدا میں ایئرپورٹ کے فائر ٹینڈرز نے ہی آگ پر قابو پانے کی کوششیں کی لیکن آگ مسلسل بڑھتے ہی رہی جس کے بعد شہر بھرسے فائربریگیڈ کی گاڑیوں کوطلب کرلیا گیا۔

پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کا واقعہ شارٹسرکٹ کی وجہ سے ہوا ہے، عمارت میں موجود تمام افراد بحفاظت نکال لیا گیاتھا، جس کی وجہ سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تاہم مالی نقصان کا اندازہ آگ پر قابو پالینے کے لگایا جائے گا۔