پاک فوج کے امن دستوں کے اعزاز میں اقوام متحدہ میں خصوصی تقریب کا اہتمام

نیویارک: دنیا کے مختلف ملکوں میں قیام امن کے لیے پاک فوج کے کردار کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اقوام متحدہ میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں منعقدہ تقریب میں سیکرٹری جنرل بان کی مون نے خصوصی شرکت کی جب کہ پاکستانی وفد کی قیادت اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی اور پاک فوج کے لیفٹیننٹ جنرل مقصود احمد نے کی۔

بین الاقوامی امن کے قیام کے لیے پاک فوج کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئےبان کی مون کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان کے ڈیڑھ لاکھ فوجی 23 ممالک میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں جب کہ 7 ہزار سول سیکیورٹی اہلکار بھی اقوام متحدہ کی امن فورس کا حصہ ہیں۔ پاکستانی فوجیوں کی امن کے لئے خدمات کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔