اعتزاز احسن چور ہیں جو اپنے علاقے کے کونسلر بھی نہیں بن سکتے، عابد شیرعلی

اسلام آباد: وزیرمملکت برائے پانی وبجلی عابد شیرعلی کا کہنا ہے کہ اعتزاز احسن خود چور ہیں اس لیے شور مچاتے ہیں جب کہ کرپشن میں ان کا نام سرفہرست ہے وہ اپنے علاقے کے کونسلر بھی نہیں بن سکتے۔

اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے عابد شیر علی نے اپوزیشن پر شدید تنقید کی اور ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے 7 سوالوں کی نوٹنکی کھیلی جارہی ہے، اعتزاز احسن کیا ان 7 سوالوں پراترتے ہیں جو انہوں نے وزیراعظم سے کیے جب کہ اپوزیشن قوم کا وقت ضائع کررہی ہے، سیاسی یتیموں کا کوئی والی وارث نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کرپشن سے پاک ہیں اور ان کی کوئی آف شور کمپنی ہے نہ ان پر کک بیک کا کوئی الزام ہے جب کہ حسن اور حسین نواز کے بیانات میں کوئی تضاد نہیں، وزیر اعظم کے ایوان میں آنے سے پہلے سوالوں کا پروپیگنڈا شروع کر دیا لیکن پھر بھی وزیراعظم ہر بات کا جواب پارلیمنٹ میں آکر دیں گے۔

عابد شیرعلی کا کہنا تھا کہ چوروں کا ٹولا ترقی کی راہ روکنا چاہتا ہے اور اعتزاز احسن خود چور ہیں اس لیے شور مچاتے ہیں جب کہ کرپشن میں بھی ان کا نام سرفہرست ہے، اعتزاز احسن بتائیں ایل پی جی کا کوٹا کیسے لیا اور اس سے کتنا پیسا بنایا۔ انہوں نے کہا کہ علیم خان جھوٹے ہیں، انہوں نے 29 لاکھ روپے کے 5 اپارٹمنٹ لندن میں ظاہر کیے جب کہ عمران خان کو اسپیکر کی بد دعا لگی اس لیے وہ سڑکوں پر رل رہے ہیں۔